Title: کیا آپ ایک انارکسٹ ہیں؟ | Are You An Anarchist? The Answer May Surprise You!
Subtitle: جواب آپ کو حیران کر سکتا ہے
Language: اُردُو
Date: 2000
Source: Retrieved on 2009-11-09 from nymaa.org/surprise_anarchist

      اگر کسی پُر ہجوم بس میں سوار ہونے کے لیے قطار لگی ہو، تو کیا آپ پولیس کی عدم موجودگی میں بھی اپنی باری کا انتظار کرتے ہیں اور کہنیوں کے زور سے اپنا راستہ بنانے سے احتراز کرتے ہیں؟

      کیا آپ کسی ایسے کلب، کھیلوں کی ٹیم یا کسی بھی دوسری ایسی رضاکارانہ تنظیم کے رکن ہیں جہاں فیصلے کسی ایک لیڈر کی طرف سے مسلط نہیں کیے جاتے بلکہ عمومی اتفاقِ رائے کی بنیاد پر طے پاتے ہیں؟

      کیا آپ مانتے ہیں کہ بیشتر سیاست دان خود غرض ، انا پرست جانور ہیں حقیقت میں جوعوامی مفاد قطعاً دلچسپی نہیں رکھتے ؟ کیا آپ سمجھتے ہیں کہ ہم ایک ایسے معاشی نظام میں رہتے ہیں جو احمقانہ اور غیر منصفانہ ہے ؟

      کیا آپ ان باتوں کو سچ سمجھتے ہیں جو آپ اپنے بچوں کو بتاتے ہیں، یا جو آپ کے والدین نے آپ کو سکھائی تھیں؟

      کیا آپ کو واقعی یہ یقین ہے کہ انسان بنیادی طور پر بے ایمان اور شیطان ہے، یا پھر کچھ خاص قسم کے لوگ (مثلاً خواتین، سیاہ فام، یا وہ عام لوگ جو امیر نہیں ہیں یا اعلیٰ تعلیم یافتہ نہیں ہوتے) کم تر درجے کے انسان ہیں اور ان کے مقدر میں صرف برتر لوگوں کی حکمرانی ہی لکھی ہے؟

عین ممکن ہے کہ آپ نے پہلے ہی سے کچھ سن رکھا ہو کہ انارکسٹ کون لوگ ہوتے ہیں اور ان کے نظریات کیا ہیں، مگر امکان یہی ہے کہ قریباً وہ سب باتیں جو آپ نے سن رکھی ہیں، محض بکواس ہوں۔ زیادہ تر لوگوں کا خیال ہے کہ انارکسٹ تشدد، انتشار اور توڑ پھوڑ کے حامی ہوتے ہیں اور یہ کہ وہ ہر قسم کی نظم و ترتیب کے خلاف ہیں؛ یعنی وہ ایسے جنونی تخریب پسند ہیں جو ہر شے کو تباہ و برباد کرنے پر تلے ہوئے ہوں۔ حقیقت میں یہ مروجہ تصور سچائی سے کوسوں دور ہے۔ انارکسٹ تو بس وہ لوگ ہیں جو یہ یقین رکھتے ہیں کہ انسان کسی بیرونی جبر کے بغیر بھی ایک معقول طرزِ عمل اختیار کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ اپنے اصل جوہر میں یہ ایک انتہائی سادہ تصور ہے، تاہم یہی وہ نظریہ ہے جسے امرا اور طاقتور لوگوں نے ہمیشہ اپنے لیے انتہائی خطرناک سمجھا ہے۔

​اپنے سادہ ترین معنوں میں انارکسٹ تصورات دو بنیادی مفروضوں کو نمایاں کرتے ہیں۔ پہلا یہ کہ عام طور پر انسان اتنے ہی معقول اور مہذب ہو سکتے ہیں جتنی ان کو ہونے کی آزادی دی جائے، اور وہ کسی بیرونی ہدایت یا مقتدرہ کے بغیر بھی اپنے طور پر خود کو اور اپنی برادریوں کو منظم کر سکتے ہیں۔ دوسرا یہ کہ طاقت انسان کو بدعنوان کر دیتی ہے۔ سب سے اہم بات یہ ہے کہ انارکیت دراصل معقولیت کے ان سادہ اصولوں کو، جن کے ذریعے ہم اپنی روزمرہ زندگی گزارتے ہیں، اپنانے کی جرات اور انہیں ان کے منطقی انجام تک اختیار کرنے کا نام ہے۔ یہ بات شاید قدرے عجیب دکھائی دے، لیکن بیشتر معاملات میں آپ شاید پہلے ہی سے ایک انارکسٹ ہیں، بس آپ کو خود اس کا ادراک نہیں ہوتا-

آئیے روزمرہ کی کچھ مثالوں سے ابتدا کرتے ہیں:

اگر کسی پُر ہجوم بس میں سوار ہونے کے لیے قطار لگی ہو، تو کیا آپ پولیس کی عدم موجودگی میں بھی اپنی باری کا انتظار کرتے ہیں اور کہنیوں کے زور سے اپنا راستہ بنانے سے احتراز کرتے ہیں؟

اگر آپ نے "ہاں" میں جواب دیا ہے، تو آپ بالکل ایک انارکسٹ کی طرح پیش آتے ہیں۔ انارکیت کا سب سے بنیادی اصول "خود-تنظیمی" ہے، یعنی یہ مفروضہ کہ انسانوں کو ایک دوسرے کے ساتھ معقول افہام و تفہیم تک پہنچنے یا ایک دوسرے سے عزت اور احترام کا برتاؤ کرنے کے لیے۔۔ قانونی چارہ جوئی کی دھمکیوں کی ضرورت نہیں ہوتی۔

​لوگ عام طور پر یہ یقین رکھتے ہیں کہ وہ خود اپنے طور پر معاملات کو معقول طریقے سے سنبھالنے کے اہل ہیں، لیکن اگر وہ قوانین اور پولیس کو لازمی سمجھتے ہیں تو صرف اس وجہ سے کہ انہیں یہ یقین نہیں ہوتا کہ دوسرے لوگ بھی ان کی طرح معقول طریقے سے پیش آنے کے اہل ہو سکتے ہیں۔ مگر آپ اگر غور کریں تو کیا دوسرے لوگ بھی آپ کے بارے میں بالکل اسی طرح نہیں سوچتے ہوں گے؟ انارکسٹوں کی دلیل ہے کہ تقریباً وہ تمام سماج دشمن سرگرمیاں، جو ہمیں اس سوچ کی طرف مائل کرتی ہیں کہ زندگی کو قابو میں رکھنے کے لیے فوج، پولیس، جیل اور حکومت ناگزیر ہیں، دراصل اسی منظم عدم مساوات اور ان ناانصافیوں کا نتیجہ ہیں جو خود فوج، پولیس، جیل اور حکومتوں نے پیدا کی ہیں۔ یہ سب ایک شیطانی چکر ہے۔ لوگ اگر اس برتاؤ کے عادی ہو جائیں کہ ان کی رائے کی کوئی وقعت نہیں، تو وہ غصیلے، مایوس، یہاں تک کہ متشدد بھی ہو سکتے ہیں، جس سے طاقت پر اختیار رکھنے والوں کو یقیناً یہ کہنے کا آسان موقع میسر آ جاتا ہے کہ ان لوگوں کے خیالات کی قطعاً کوئی اہمیت نہیں ہے۔ تاہم، ایک بار جب لوگوں کو یہ احساس ہو جائے کہ ان کے خیالات بھی اسی طرح اہم ہیں جیسے کسی بھی دوسرے شخص کے ہیں، تو وہ حیران کن حد تک سمجھوتہ کرنے کی طرف مائل نظر آئیں گے۔ قصہ مختصر یہ کہ انارکسٹ سمجھتے ہیں کہ زیادہ تر یہ خود مطلق طاقت اور اس کے اثرات ہیں جو بھلے چنگے لوگوں کو احمق اور غیر ذمہ دار انسانوں میں تبدیل کر دیتے ہیں۔

کیا آپ کسی ایسے کلب، کھیلوں کی ٹیم یا کسی بھی دوسری ایسی رضاکارانہ تنظیم کے رکن ہیں جہاں فیصلے کسی ایک لیڈر کی طرف سے مسلط نہیں کیے جاتے بلکہ عمومی اتفاقِ رائے کی بنیاد پر طے پاتے ہیں؟

اگر آپ کا جواب "ہاں" میں ہے، تو آپ ایک ایسی تنظیم سے وابستہ ہیں جو خالصتاً انارکسٹ اصولوں پر کام کر رہی ہے۔ انارکسٹوں کا ایک اور بنیادی اصول رضاکارانہ وابستگی کی آزادی ہے۔ یہ عام زندگی پر جمہوری اصولوں کے اطلاق کا سیدھا سادہ معاملہ ہے۔ فرق صرف یہ ہے کہ انارکسٹ ایک ایسے معاشرے کے حصول کو ممکن سمجھتے ہیں جس میں تمام تر امور کو انہی خطوط پر استوار کیا جا سکے؛ جہاں ہر گروپ کی بنیاد اس کے ارکان کی آزادانہ مرضی پر ہونی چاہیے، چنانچہ اوپر سے نیچے کی طرف حکم چلانے والی عسکری تنظیم جیسے تمام اداروں، مثلاً افواج، افسر شاہی یا بڑی کارپوریشنوں، یعنی کمانڈ کی زنجیر پر منحصر اداروں کے لیے معاشرے میں مزید کوئی گنجائش نہیں رہے گی۔ ہو سکتا ہے آپ یقین نہ رکھتے ہوں کہ ایسا ممکن بھی ہے، یا شاید آپ کو اس پر یقین ہو۔ لیکن ہر بار جب آپ دھمکیوں کے بجائے باہمی اتفاق سے کسی معاہدے پر پہنچتے ہیں، جب کسی دوسرے فرد کے ساتھ کوئی رضاکارانہ سمجھوتہ کرتے ہیں، کسی مفاہمت پر پہنچتے ہیں، یا پھر دوسرے فرد کی خاص صورتِ حال یا ضرورتوں کا خیال رکھتے ہوئے لچک دکھانے کا فیصلہ کرتے ہیں، تو آپ بطور ایک انارکسٹ ہی عمل کر رہے ہوتے ہیں، بھلے ہی آپ کو اس کا احساس تک نہ ہو۔

​انارکیت محض وہ فطری طریقہ کار ہے جسے لوگ اس وقت اختیار کرتے ہیں جب وہ اپنے انتخاب کے مطابق عمل کرنے کے لیے آزاد ہوں، یا جب وہ دوسروں کے ساتھ معاملات کریں جو خود بھی برابری کی سطح پر آزاد ہوں؛ چنانچہ وہ دوسروں کی طرف اپنی ناگزیر اخلاقی ذمہ داری سے بھی پوری طرح آگاہ ہوتے ہیں۔ اس سے ایک اور اہم ترین نکتہ پیدا ہوتا ہے کہ انسان اس وقت معقول اور ہمدرد ہو سکتا ہے جب وہ برابری یا مساوی درجے پر معاملات کر رہا ہو، تاہم انسانی فطرت کچھ ایسی ہے کہ اگر اسے دوسروں پر اختیار اور طاقت دے دی جائے تو اس پر بھروسا نہیں کیا جا سکتا۔ کسی بھی فرد کو اس طرح کا اختیار دے کر دیکھ لیں، وہ متواتر کسی نہ کسی طریقے سے اس کا غلط استعمال کرتا رہے گا۔.

کیا آپ مانتے ہیں کہ بیشتر سیاست دان خود غرض ، انا پرست جانور ہیں حقیقت میں جوعوامی مفاد قطعاً دلچسپی نہیں رکھتے ؟ کیا آپ سمجھتے ہیں کہ ہم ایک ایسے معاشی نظام میں رہتے ہیں جو احمقانہ اور غیر منصفانہ ہے ؟

اگر آپ نے ان سوالوں کا جواب "ہاں" میں دیا ہے، تو آپ موجودہ سماج پر انارکسٹ تنقید کو درست مانتے ہیں—کم از کم اس کے وسیع تر معنوں میں۔ انارکسٹ یقین رکھتے ہیں کہ طاقت انسان کو بدعنوان کر دیتی ہے، اور جو لوگ اپنی ساری زندگی اس طاقت کی تلاش میں سرگرداں رہتے ہیں، وہ آخری لوگ ہونے چاہئیں جن کے ہاتھ میں یہ اتھارٹی سونپی جائے۔ انارکسٹوں کا خیال ہے کہ ہمارا موجودہ معاشی نظام ہمیں ہمدرد اور مہذب بنانے کے بجائے، لوگوں کو خود غرضانہ اور بے اصول طرزِ عمل پر انعام سے نوازتا ہے۔ بیشتر لوگ اسی طرح محسوس کرتے ہیں، فرق صرف یہ ہے کہ زیادہ تر لوگوں کو یہ آگاہی نہیں ہوتی کہ اس نظام کے خلاف کچھ کرنا ممکن بھی ہے؛ اور یہ وہ نکتہ ہے جس پر طاقتوروں کے وفادار غلام ہمیشہ اصرار کرتے نظر آئیں گے—- یا وہ کسی بھی ایسی متبادل سوچ کو رد کر دیں گے جو ان کے مفادات کو مزید بگاڑے بغیر ختم نہ ہو۔

​تاہم، اگر یہ سب سچ نہ ہو تو پھر کیا ہوگا؟

اور کیا حقیقت میں ان باتوں پر یقین کرنے کی کوئی ٹھوس وجہ ہے؟ آپ عملی طور پر جب حالات کو پرکھتے ہیں، تو بیشتر مروجہ پیشین گوئیاں مکمل طور پر باطل ثابت ہوتی ہیں؛ جیسا کہ یہ خوف کہ ریاستوں یا سرمایہ داری کے بغیر معاشرے کا انجام کیا ہوگا؟ حقیقت یہ ہے کہ ہزاروں سال تک انسان حکومتوں کے بغیر رہتے رہے ہیں۔ دنیا کے کئی حصوں میں آج بھی لوگ حکومتی کنٹرول سے باہر آزادانہ زندگیاں گزار رہے ہیں اور وہ ایک دوسرے کو مارتے نہیں پھرتے، بلکہ زیادہ تر وہ اپنی زندگیاں اسی امن سے بسر کرتے ہیں جیسے کوئی بھی دوسرا مہذب انسان کرے گا۔ بلا شبہ ایک پیچیدہ، شہری اور تکنیکی سماج میں یہ تمام معاملات زیادہ پیچیدہ ہوں گے، مگر ٹیکنالوجی ان تمام مسائل کا حل بہت آسان کر سکتی ہے۔ دراصل ابھی ہم نے یہ سوچنا ہی شروع نہیں کیا کہ اگر ٹیکنالوجی کو خالص انسانی ضروریات کے مطابق ڈھالا جائے، تو ہماری زندگی کی ممکنہ شکل کیا ہو سکتی ہے۔ ایک فعال معاشرہ قائم رکھنے کے لیے ہمیں لازماً روزانہ کتنے گھنٹے کام کرنا پڑے گا، اگر ہم ٹیلی مارکیٹنگ، وکالت، جیل گارڈ، مالیاتی تجزیہ کار، ماہرینِ تعلقاتِ عامہ، افسر شاہی اور سیاست دانوں جیسے بے مصرف اور تخریبی پیشوں سے چھٹکارا پا لیں؟ اور اگر ہم بہترین سائنسی ذہنوں کو خلائی ہتھیاروں کی تیاری یا اسٹاک مارکیٹ کے نظام جیسے کاموں سے ہٹا کر، کان کنی جیسے خطرناک یا صفائی ستھرائی جیسے ناپسندیدہ کاموں کو مشینی بنانے کی طرف لگا دیں، اور باقی ماندہ ضروری کام سب کے درمیان مساوی طور پر تقسیم کر دیں؟ دن کے پانچ گھنٹے؟ چار گھنٹے؟ تین؟ یا صرف دو گھنٹے؟ کوئی نہیں جانتا، کیونکہ موجودہ نظام میں کوئی بھی اس طرح کے سوالات نہیں اٹھاتا۔ انارکسٹ سمجھتے ہیں کہ یہ وہ بنیادی اور حقیقی سوالات ہیں جو ہمیں لازمی پوچھنے چاہئیں اور جن پر غور کرنا چاہیے۔

کیا آپ ان باتوں کو سچ سمجھتے ہیں جو آپ اپنے بچوں کو بتاتے ہیں، یا جو آپ کے والدین نے آپ کو سکھائی تھیں؟

جیسے کہ: "اس سے فرق نہیں پڑتا کہ لڑائی کی ابتدا کس نے کی تھی،" "دو غلط مل کر ایک صحیح نہیں بناتے،" "اپنا پیدا کردہ انتشار خود سمیٹو،" "دوسروں کے ساتھ بھی وہی برتاؤ کرو جو اپنے لیے پسند کرتے ہو،" یا پھر لوگوں کی طرف کمینگی کا رویہ محض اس لیے اختیار نہ کرو کہ وہ آپ سے مختلف ہیں۔ شاید اب ہمیں یہ فیصلہ کر لینا چاہیے کہ اپنے بچوں کو درست اور غلط کی تمیز سکھاتے وقت ہم کہیں ان سے جھوٹ تو نہیں بول رہے ہوتے؟ یا پھر کیا ہم اپنے ان اخلاقی مفروضوں کو زندگی میں سنجیدگی سے نافذ کرنے کے لیے تیار ہیں؟ کیونکہ اگر آپ ان سادہ اخلاقی اصولوں کو ان کے منطقی انجام تک پہنچانے کی کوشش کریں، تو آپ دراصل انارکیت کے در پر دستک دے رہے ہوں گے۔

اسی اصول کو لے لیں کہ "دو غلط مل کر ایک صحیح نہیں بناتے"۔ اگر واقعی میں آپ اس بات کو سنجیدگی سے تسلیم کر لیں، تو صرف اکیلا یہی ایک اصول ہمارے پورے مروجہ فوجداری نظامِ انصاف اور جنگوں کی تمام تر فکری بنیادیں ہلا کر رکھ دے گا۔ اسی طرح ساجھے داری اور اشتراک کے بارے میں ہے؛ ہم ہر وقت بچوں کو سکھا رہے ہوتے ہیں کہ انہیں ایک دوسرے کے ساتھ چیزیں شیئر کرنا سیکھنی چاہئیں، ایک دوسرے کی مدد کرنی چاہیے اور باہمی ضروریات کا خیال رکھنا چاہیے؛ لیکن پھر ہمیں ایک ایسی عملی دنیا سے واسطہ پڑ جاتا ہے جہاں ہم فرض کر لیتے ہیں کہ ہر کوئی فطرتاً خود غرض اور مقابلہ باز ہے۔ مگر ایک انارکسٹ اس تضاد کی نشان دہی کرے گا کہ درحقیقت سچ وہی ہے جو ہم اپنے بچوں کو سکھاتے ہیں۔انسانی تاریخ کی تقریباً ہر قابلِ قدر عظیم کامیابی، ہر وہ دریافت یا کارنامہ جس نے ہماری اجتماعی زندگی کو بہتر بنایا، وہ زیادہ تر باہمی تعاون اور امدادِ باہمی پر ہی منحصر رہا ہے۔ اب بھی، ہم میں سے بیشتر لوگ اپنی آمدنی کا زیادہ تر حصہ خود پر اندھا دھند خرچ کرنے کے بجائے، اپنے دوستوں، عزیزوں یا بچوں پر خوشی سے خرچ کرتے ہیں۔ اگرچہ یہ امکان موجود ہے کہ دنیا میں ہمیشہ کچھ مقابلہ باز لوگ نہیں رہیں گے، مگر اس کی کوئی معقول وجہ نہیں ہے کہ پورے معاشرے کی بنیاد ہی اس خود غرضانہ رویے کی حوصلہ افزائی پر کیوں رکھی جائے؟ لوگوں کو بنیادی ضروریاتِ زندگی کے لیے ایک دوسرے کے ساتھ اندھی دوڑ میں الجھائے رکھنے کا تو ذکر ہی چھوڑ دیں، جس سے صرف ان طاقتور لوگوں کے مفادات پورے ہوتے ہیں جن کی یہ خواہش ہے کہ ہم ہمیشہ ایک دوسرے کے خوف کے سائے میں اپنی زندگیاں گزار دیں۔یہی وجہ ہے کہ انارکسٹ صرف ایک آزاد انجمنوں(ایسوسی سیشن) پر ہی نہیں، بلکہ امدادِ باہمی پر مبنی ایک منصفانہ معاشرہ بھی چاہتے ہیں۔ بیشتر بچے واقعتاً اسی انارکسٹ اخلاقیات پر یقین رکھتے ہوئے ہی بڑے ہوتے ہیں، لیکن آہستہ آہستہ انہیں ادراک ہوتا ہے کہ بالغوں کی عملی دنیا اس نہج پر کام نہیں کرتی۔یہی وجہ ہے کہ بہت سارے باغی یا پھرتنہائی کا شکار ہو جاتے ہیں، حتہ کہ خود کشی کا رحجان رکھنے والے بالغ ۔۔۔ آخر کار تلخ اور کنارہ کش نوجوان ؛ جن کی زندگی کی واحد ڈھارس اب صرف اپنے بچوں کی پرورش کرنا اور پھر ان کے سامنے یہ جھوٹا دکھاوا کرنے کی صلاحیت تک محدود رہ جاتی ہے کہ یہ دنیا ایک بہت منصفانہ جگہ ہے۔ تاہم، اس میں کیا حرج ہے کہ اگر ہم اب ایک ایسی حقیقی دنیا کی تعمیر شروع کر سکیں، جس کی تشکیل کم از کم انہی سچے اخلاقی اصولوں پر ہوئی ہو جو ہم بچوں کو سکھاتے ہیں؟ اپنے بچوں کے لیے کیا یہ ایک عظیم ترین اور لازوال تحفہ نہیں ہے جو کوئی بھی انسان انہیں دے سکتا ۔

کیا آپ کو واقعی یہ یقین ہے کہ انسان بنیادی طور پر بے ایمان اور شیطان ہے، یا پھر کچھ خاص قسم کے لوگ (مثلاً خواتین، سیاہ فام، یا وہ عام لوگ جو امیر نہیں ہیں یا اعلیٰ تعلیم یافتہ نہیں ہوتے) کم تر درجے کے انسان ہیں اور ان کے مقدر میں صرف برتر لوگوں کی حکمرانی ہی لکھی ہے؟

​اگر آپ نے اس کا جواب "ہاں" میں دیا ہے، تو بظاہر آپ کسی بھی صورت میں انارکسٹ نہیں ہو سکتے۔ لیکن اگر آپ نے جواب "نہیں" میں دیا ہے، تو عین ممکن ہے کہ انارکیت کے نوے فیصد اصولوں کو آپ پہلے ہی سے تسلیم کر چکے ہوں اور اپنی زیادہ تر زندگی انہی اصولوں کے مطابق گزار رہے ہوں۔ ہر بار جب آپ کسی دوسرے انسان کے ساتھ ہمدردی، احترام اور توقیر کے ساتھ پیش آتے ہیں، آپ ایک انارکسٹ ہوتے ہیں۔ جب بھی آپ دوسروں کے ساتھ اپنے اختلافات کو—ہر فرد کے مؤقف کو پوری توجہ سے سنتے ہوئے—ایک معقول سمجھوتے اور باہمی اتفاقِ رائے کی شکل میں حل کرتے ہیں، بجائے اس کے کہ کسی ایک فرد کو سب کے لیے فیصلے کرنے کا آمرانہ اختیار دے دیں، تو آپ بالکل ایک انارکسٹ کی طرح عمل کر رہے ہوتے ہیں۔ جب بھی آپ کو یہ موقع ملے کہ آپ کسی کو اپنی طاقت کے بل بوتے پر کچھ کرنے پر مجبور کر سکیں، مگر آپ اس کے بجائے اس کی عقل، فہم یا حِسِ انصاف کو اپیل کرنے کا فیصلہ کریں، تو آپ ایک انارکسٹ ہوتے ہیں۔ ہر اس موقع پر بھی جب آپ اپنے کسی دوست کے ساتھ کچھ شیئر کر رہے ہوتے ہیں، یا باہم مل کر یہ فیصلہ کرتے ہیں کہ آج کھانا کون پکائے گا، یا برابری کے اصول کو سامنے رکھتے ہوئے کوئی بھی مشترکہ کام کرتے ہیں، تو یہی بات صادق آتی ہے۔ یا فیصلہ کرتے ہیں کہ کھانا کون پکانے جا رہا ہے ،یا پھر مساوی برتاوکو سامنے رکھتے ہوئے کچھ بھی کرتے ہیں ۔

​یہاں آپ یہ اعتراض کر سکتے ہیں کہ لوگوں کے مختصر گروپوں کے درمیان معاملات طے کرنے کے لیے تو یہ بہت اچھا اور خوبصورت طریقہ کار ہے، لیکن کسی پورے شہر یا ملک کا انتظام چلانا ایک بالکل مختلف اور پیچیدہ معاملہ ہے۔ اور یقیناً یہ ایک اہم نکتہ ہے۔ آپ اگر معاشرے میں عدمِ مرکزیت کا نظام بھی متعارف کروا دیں اور مقامی برادریوں کے ہاتھوں میں جتنی چاہیں طاقت دے دیں، تو بھی لا تعداد ایسے معاملات ہوں گے جنہیں وسیع تر سطح پر باہم مربوط کرنے کی ضرورت پیش آئے گی؛ ریلوے کا نظام چلانے سے لے کر طبی تحقیق کے قومی مقاصد متعین کرنے تک۔ لیکن صرف اس وجہ سے کہ کوئی نظام پیچیدہ ہے، یہ مراد ہرگز نہیں ہے کہ اسے جمہوری اور رضاکارانہ طریقے سے حل کرنے کا کوئی راستہ موجود نہیں۔ یہ محض ایک پیچیدہ انتظامی معاملہ ہوگا، کوئی ناممکن کام نہیں؛ اور درحقیقت انارکسٹ مفکرین کے پاس ایسے بے شمار تصورات اور وژن موجود ہیں کہ ایک پیچیدہ معاشرہ ریاست کے جبر کے بغیر خود کو کس طرح رواں دواں رکھ سکتا ہے۔ ان تمام ماڈلز کی تفصیلی وضاحت اس مختصر تعارفی مضمون کے دائرہ کار سے باہر ہو جائے گی۔ تاہم، اول تو یہ کہنا ہی کافی ہے کہ لوگوں کی ایک کثیر تعداد نے ایسے ماڈل پیش کرنے میں اپنا بیش بہا وقت صرف کیا ہے کہ ایک حقیقی معنوں میں جمہوری اور صحت مند معاشرہ کس طرح فعال بن سکتا ہے۔ دوسرا، یہ بات بھی اتنی ہی اہم ہے کہ کوئی بھی سچا انارکسٹ پورے معاشرے کے لیے کسی ایک حتمی یا مکمل بلیو پرنٹ (پہلے سے تیار شدہ نقشے) کا دعویٰ نہیں کرتا۔ آخری بات جو ہم چاہتے ہیں وہ یہ ہے کہ کسی بھی طرح کا پہلے سے تیار شدہ جامد ماڈل سماج پر زبردستی مسلط کر دیا جائے۔ سچ تو یہ ہے کہ ہم شاید آج ان مسائل میں سے آدھے مسائل کا بھی تصور نہیں کر سکتے جو ایک حقیقی جمہوری معاشرہ تشکیل دیتے وقت ہمیں عملاً درپیش ہوں گے؛ اس کے باوجود ہم پُر اعتماد ہیں کہ انسانی ذہانت اور تخلیقی صلاحیت کی بنا پر اس طرح کے تمام مسائل ہمیشہ باہمی مشاورت سے حل کیے جا سکتے ہیں، جب تک کہ وہ ہمارے بنیادی اصولوں کی روح کے مطابق ہوں—جو کہ اپنے حتمی تجزیے میں، صرف اور صرف انسان کی بنیادی شائستگی اور اخلاقیات کے اصول ہیں۔